
By Sahir Sami
Episode 22
گولیوں کی تڑتڑاہٹ اندھیرے میں گونج رہی تھی۔ ساحر، مایا، اور سالار جیپ میں نیچے دبکے ہوئے تھے، لیکن چاروں طرف سے دشمن ان پر اندھا دھند فائرنگ کر رہے تھے۔
“ہم زیادہ دیر تک یہاں نہیں رک سکتے!” مایا نے چیخ کر کہا۔
سالار نے سر جھکاتے ہوئے کہا، “اگر ہم نے یہاں سے نکلنے کا کوئی راستہ نہ نکالا تو ہم ختم ہو جائیں گے!”
اچانک، فضا میں ایک زوردار دھماکہ ہوا، اور اس کے ساتھ ہی حملہ آوروں کی چیخیں سنائی دینے لگیں۔ ہر طرف دھواں سا پھیل گیا تھا اور فائرنگ رک گئی تھی۔
“یہ کیا تھا؟” سالار نے حیرانی سے کہا۔
دھویں کے اندر سے ایک سائے کی جھلک نظر آئی۔ اگلے ہی لمحے، مشین گن سے ایسی مہلک فائرنگ شروع ہوئی کہ دشمن بوکھلا گئے۔ کچھ زمین پر گرنے لگے اور باقی ادھر ادھر چھپنے لگے۔
مایا نے حیرت زدہ نظروں سے دیکھا، “یہ کون ہے؟”
دھویں کے ہٹتے ہی ایک مانوس چہرہ سامنے آیا۔
“ہیر؟؟” ساحر کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں۔
سامنے کھڑی لڑکی واقعی ہیر تھی—وہی معصوم، نرم مزاج، گھریلو لڑکی جسے ساحر نے ہمیشہ ایک عام سی، نازک طبیعت رکھنے والی لڑکی سمجھا تھا۔ مگر آج، اس کی آنکھوں میں سفاکی جھلک رہی تھی۔ اس کا لباس معمول سے مختلف تھا، ہاتھ میں گنز اور بیلٹ میں چمکتے ہوئے چاقو… یہ ہیر وہ نہیں لگ رہی تھی جسے ساحر جانتا تھا۔
سالار نے بے یقینی سے کہا، “یہ وہی ہیر ہے؟ یا میں کوئی خواب دیکھ رہا ہوں؟”
ہیر نے پلٹ کر ساحر کی طرف دیکھا اور ہلکا سا مسکرائی، “ساحر! میرے ہوتے کوئی تمہارا بال بھی بیکا نہیں کر سکتا۔”
سارے دشمن اب تک زمین پر ڈھیر ہو چکے تھے اور امیلیا گرین پہلے ہی سے رفو چکر ہو چکی تھی۔
ساحر ابھی تک صدمے میں تھا، “یہ… یہ سب کیا ہے؟ تم یہاں کیسے… اور یہ سب کیسے؟”
ہیر نے پراعتماد لہجے میں کہا، “ابھی باتوں کا وقت نہیں! ہمیں یہاں سے نکلنا ہوگا!”
ساحر نے آنکھیں سکیڑیں، “یہ سب کچھ… یہ ممکن نہیں…”
“اب ہم یہاں زیادہ دیر نہیں رک سکتے! دشمن کسی بھی لمحے دوبارہ یہاں پہنچ سکتے ہیں۔”
وہ سب تیزی سے اپنی گاڑی سے باہر نکل آئے۔ گاڑی کی حالت خراب ہو چکی تھی، اور زمین پر گولیوں کے خول اور دشمنوں کی لاشیں بکھری پڑی تھیں۔ وہ سب تیزی سے بھاگ کر دوسری گاڑی میں جا بیٹھے۔
مایا نے گاڑی فل اسپیڈ میں دوڑا دی۔ پیچھے گلی میں آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل اٹھ رہے تھے۔
سالار نے زور سے ہنستے ہوئے کہا، “یار! یہ تو فلموں جیسا سین تھا! میں یقین نہیں کر سکتا کہ یہ سب واقعی ہوا ہے!”
مایا نے ہیر کی طرف دیکھا، “تم آخر کون ہو؟ اور ہمیں یہ پہلے کیوں نہیں بتایا کہ تم…؟”
ہیر نے مسکرا کر ایک گہری سانس لی، “یہ ایک لمبی کہانی ہے… جو میں تم لوگوں کو وقت آنے پر ضرور بتاؤں گی۔”
ساحر نے حیران نظروں سے اسے دیکھا، مگر اب ایک اور سوال اسے کھائے جا رہا تھا…
اگر ہیر ایک عام سی گھریلو لڑکی نہیں… تو وہ آخر ہے کون؟
(جاری ہے…)